
پی ٹی آئی کا ترنول میں جلسہ عاشورہ کے بعد کرنے کا اعلان
شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے ترنول جلسہ ملتوی کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آج کا جلسہ ملتوی کر رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ عاشورہ کے بعد ہوگا، ہم نے قانون کا سہارا لیتے ہوئے آج ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین کے بغیر کوئی سیاسی عمل مکمل نہیں ہوسکتا، ہم نے سیاسی کمیٹی میں فیصلہ کیا ہے کہ آج کا جلسہ ملتوی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آج کے جلسے میں اسلام آباد انتظامیہ نے اجازت دے رکھی تھی، رات پولیس آئی اور جلسے کا علاقہ سیل کر دیا۔
عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے آرڈر پر دستخط کیے ہوئے تھے، عدالت کے احکامات کے باوجود رات گئے جلسے سے سامان اٹھایا، خود ہی ترنول کی جگہ ہمیں جلسہ کے لیے دی تھی، پی ٹی آئی کارکنان کے ڈر سے این او سی معطل کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کر دیا تھا۔ اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 3 جولائی 2024ء کو ہتھیاروں کا ذخیرہ ملا ہے، محرم کے باعث جلسہ محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی اداروں کی افرادی قوت دستیاب نہیں۔