اہم پاکستانی خبریں

پی ٹی آئی کا حکومت سے اسرائیلی مظالم رکوانے میں کردار ادا کرنیکا مطالبہ

شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عالم کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی عالم اسلام کا قلعہ کہلاتا تھا اور پورے عالم اسلام کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوتی تھی، لیکن اب بدقسمتی سے پاکستان حکومت فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم اور وحشیانہ بمباری رکوانے کیلئے کردار ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔ نگران وفاقی حکومت فوری طور پر فلسطینی عوام پر بمباری رکوانے میں اپنا کردارادا کرے اور جنگ سے متاثرہ فلسطینی عوام کی ہرممکن امداد کو یقینی بنائے۔ یہ بات انہوں نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں فلسطین کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عالم کاکڑ نے کہا کہ اسرائیلی فوج وحشیانہ طریقے سے غزہ اور فلسطینی عوام پر بمباری کر رہا ہے۔ جس سے اب تک 10 ہزار سے زائد بچے، خواتین اور بوڑھے جاں بحق، جبکہ ہزاروں کی تعداد میں فسلطینی عوام زخمی ہوئے ہیں اور اسلامی ممالک فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم رکوانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے فلسطینی مسئلے کے دو ریاستی حل کی بات کرکے قبلہ اوّل کی توہین کی ہے۔ ہم فلسطینی سرزمین پہ قابض اسرائیل کو کسی بھی صورت ریاست تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک مذہبی جماعت کے لیڈر فلسطین کے نام پر جلسے و جلوس کرکے اپنی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ ہم انہیں کہنا چاہتے ہیں کہ اگر وہ فلسطینی عوام سے حقیقی طور پر ہمدردی نہیں کرسکتے تو فلسطین کے نام پر سیاست بھی نہ چمکائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے نہ تو ہسپتال محفوظ ہیں اور نہ ہی گھر محفوظ ہیں۔ اسرائیلی وزیر غزہ پر ایٹمی بم گرانے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرکے فلسطینی عوام پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button