اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پنجاب حکومت کا اپنے سیاسی مخالفین کیلئے نیا شکنجہ، سائبر کرائم ایکٹ کا مسودہ تیار

شیعہ نیوز: پنجاب میں سائبر کرائم ایکٹ کا مسودہ تیار کرلیا گیا، جس کے تحت 3 ماہ سے 14 سال تک قید کی سزا ہوسکے گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی بار صوبائی سائبر کرائم ایجنسی بنانے کیلئے ’پنجاب سائبر کرائم کنٹرول ایکٹ 2024‘ کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جو ابتدائی منظوری کیلئے پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور قانون سازی میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کرائم کنٹرول ایکٹ 2024 کے تحت سائبر ٹیررازم، چائلڈ پورنو گرافی، جنسی استحصال نا قابل ضمانت جرم ہونگے، متاثرہ شخص اورگواہ کو پروٹیکشن فراہم کی جائیگی، ایکٹ کے تحت سائبر کرائم ایجنسی بھی بنے گی جبکہ سائبر کرائم پر3 ماہ سے 14سال تک قید کی سزا ہوگی۔ ایکٹ کے تحت ٹرائل کیلئے علیحدہ عدالتیں ہونگی، اس سے قبل سائبر کرائم کے حوالے سے وفاق نے ’پیکا ‘ ایکٹ بنایا تھا، جو اس وقت نافذ العمل ہے۔

انتہائی معتبر ذرائع کا بتانا ہے کہ محکمہ داخلہ کے ماتحت اس سائبر کرائم ایجنسی اور قانون کا مقصد انفارمیشن سسٹم کے حوالے سے تمام ممنوعہ اقدامات سے بچاﺅ ہے اور ایکٹ کے ذریعے صوبائی حکومت انفارمیشن سسٹم سے متعلقہ جرائم کی تحقیقات جبکہ پراسیکیوشن ٹرائل کرسکے گی۔ ذرائع کے مطابق یہ قانون کسی ڈیٹا یا انفارمیشن سسٹم تک غیر قانونی رسائی، بچوں کی جنسی حراسگی کے متعلق مواد، ڈارک ویب، ڈیٹا کو نقصان پہنچانے، الیکٹرانک اور فنانشل فراڈ، جنسی حوالے سے واضح طرز عمل، بچوں کیساتھ جنسی زیادتی، غیرقانونی انٹرسیپشن، غیر مطلوبہ معلومات تک رسائی، غیر قانونی طور پر ڈیٹا یا اس کی ٹرانسمیشن کی کاپی کرنیوالوں پر لاگو ہوگا۔

اس کے علاوہ سائبر ٹیررازم، نفرت انگیز تقاریر، دہشتگردی کیلئے ریکروٹمنٹ، فنڈنگ اور پلاننگ، الیکٹرانک جعلسازی اور فراڈ، غیر قانونی طور پر موبائل سم کا اجرا، چائلڈ پورنو گرافی، بچوں کی تجارت اور ان کا جنسی استحصال، اغوا کیلئے معلومات کا استعمال، بچوں کی غیرقانونی سمگلنگ، سائبر غنڈہ گردی، سائبر سپیمنگ اور جعلسازی کرنیوالوں پر بھی پنجاب سائبر کرائم ایکٹ 2024 لاگو ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button