
قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد امریکہ تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حسین خانزادی نے میجر جنرل قاسم سلیمانی پر امریکہ کے بزدلانہ حملے اور شہید قاسم سلیمانی کی المناک شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سردار قاسم سلیمانی کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل کے بعد تباہی، بربادی اور زوال کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ایڈمرل خانزادی نے مشہد مقدس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی تاریخ کو فراموش نہیں کرنا چاہیے اگر ہم نے اپنی تاریخ کو فراموش کردیا تو ہم پھر ماضی کی طرف لوٹ جائیں گے اور ماضی کی مشکلات سے دوچار ہوجائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ آج ایران عظمت کی بلندی پر فائز ہے اور اس عظمت میں انقلاب اسلامی کا بنیادی کردار ہے۔ خانزادی نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کو 4 عشرے گزرے گئے ہیں اور انقلاب اسلامی کے ان تمام ایام کو اگر ایام اللہ کہا جائے توبجا ہوگا۔
ایڈمرل خانزادی نے میجر جنرل شہید قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اپنے اس احمقانہ اقدام کے منفی اثرات کا علم نہیں تھا اور شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد خطے سے امریکی فوج کے انخلا کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔ ہم خطے سے امریکی فوج کو باہر کرکے شہید قام سلیمانی کی روح کو شاد کریں گے اور اس کی دیرینہ آروزو کوعملی جامہ پہنائیں گے۔