جنرل قاسم سلیمانی نے امت مسلمہ کوداعشی درندوں سےنجات دلائی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ فرعون کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ فقط ایک ہی حکومت ایران وقت کے فرعون سے ٹکر لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی نے والد کے قرض اُتارنے میں مدد کیلئے 13 سال کی عمر میں پڑھائی کیساتھ کام کرنا شروع کیا۔ پھر سپاہ ِ پاسداران میں شامل ہو گئے۔ اسلامی حکومت کیخلاف کردوں کی بغاوت کو کچلا، دنیا کی اسلامی تحریکوں کیساتھ تعاون کیلئے القدس بریگیڈ تشکیل دی۔ 8 ممالک میں اسلامی تحریکوں اور مظلوموں کی مدد کیلئے کام کر رہے تھے۔ شہید قاسم سلیمانی نے شام میں داعش کو ختم کیا، فلسطین کی حماس کو اتنا طاقتور بنایا کہ اسرائیل اِس سے خوف کھانے لگا۔ یمن کے مظلوموں کا بھرپور ساتھ دیا۔ وہ ایران میں رہبر کے بعد سب سے بڑی شخصیت سمجھے جاتے تھے۔
مدافع حرم سردار قاسم سلیمانی کی شہادت پر مسلمان ملکوں کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے علامہ ریاض نجفی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے تقاریر میں “ایاک نعبد” پڑھنے کا تقاضا ہے کہ سوائے خدا کے کسی ڈریں اورنہ ہی کسی کے پاس پیسے کیلئے جائیں۔ ریاست مدینہ کے قیام کیلئے وہ ایران کا نمونہ سامنے رکھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے سوا کسی بھی حکومتی عہدیدار نے جنرل سلیمانی کی شہادت پر تعزیت تک نہیں کی۔