قم، مرکزی صدر آئی ایس او کی وفد کے ہمراہ سابقین سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی نے اپنے خصوصی وفد کے ہمراہ قم المقدس میں سابقین آئی ایس او کے ساتھ اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آئی ایس او پاکستان اور پاکستان میں نوجوان نسل کی بہترین اسلامی تعلیم و تربیت کے حوالے سے علماء کے کردار کے حوالے سے سیر حاصل بحث ہوئی۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر نے اپنی گفتگو میں تنظیم کی موجودہ صورتحال اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ وفد میں موجود سینیئر برادران نے علماء کے کردار اور ان کے تعلیمی و تربیتی پروگرامز میں کردار کے حوالے سے تاکید کی۔
مرکزی صدر نے آئی ایس او پاکستان کے خط ولایت فقیہ اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) کے نظریات کی پیروی کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس حوالے سے ہونے والی مذموم کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جبکہ امامیہ نوجوان اس نظریہ سے پیچھے ہٹنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔
یہ خبر بھی پڑھیں آئی ایس او نوجوانوں کی فکری تربیت پر زیادہ توجہ دے، علامہ حافظ ریاض
حوزہ علمیہ قم میں موجود علمائے کرام اور طلاب عظام نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، اجلاس میں آئی ایس او پاکستان کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ موجودہ دور میں ہونے والی دشمن کی سازشوں اور مذموم کوششوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ علمائے کرام نے ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی، جو ہوسکتا ہے کہ دوستوں کی شکل میں انحرافی افکار کی ترویج کی کوششیں کریں اور نوجوانوں کو شہید علامہ عارف حسین الحسینی (رہ) اور شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی (رہ) کے راستے سے دور کرنے کی سازش کریں۔
اس اجلاس میں سابقین کو منظم کرنے اور اس نظریاتی کاروان کی خدمت کیلئے سابقین کی خدمات کے حصول نیز ان کی راہنمائی میں تنظیمی امور کو انجام دینے کیلئے منظم سیٹ اپ بنانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سابقین مرکزی کمیٹی اور مرکزی نظارت کے اراکین موجود تھے۔