کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن کے ورکرز کنونشن کا انعقاد
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف تحریک سے لے کر متنازعہ تکفیری بل اور متنازعہ نصاب تعلیم تک ہم نے قوم کی ہر محاذ پر بھرپور نمائندگی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء ملک اقرار حسین، علامہ مقصود علی ڈومکی اور دیگر رہنماؤں نے مجلس وحدت مسلمین ہزارہ ٹاؤن کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن کے مہمان خاص عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی تھے۔ جبکہ معززین علاقہ، علمائے کرام، اراکین ضلعی کابینہ اور کارکنوں سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں کنونشن میں شرکت کی۔
اس موقع پر ملک اقرار حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین باکردار محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و تعلیمات کی روشنی میں عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ قائد شہید نے ہمیں تین حیثیتوں سے جدوجہد کا درس دیا۔ مسلمان، شیعہ اور پاکستانی۔ ہم وطن عزیز پاکستان کے باوفا بیٹے ہیں۔ جنہوں نے اپنے لہو سے اس ملک کے عزت و وقار کی حفاظت کی۔ صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
کنونشن سے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری اور صوبائی سیکرٹری کردار سازی علامہ سید عباس موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پر اعتماد کیا ہے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر قومی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف تحریک سے لے کر متنازعہ تکفیری بل اور متنازعہ نصاب تعلیم تک ہم نے قوم کی ہر محاذ پر بھرپور نمائندگی کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ اس موقع پر نور ویلفیر سوسائٹی کے چیئرمین عباس، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوئٹہ کے صدر عرفان علی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی آفس سیکرٹری سید عباس زیدی، صوبائی میڈیا کونسل کے مسؤل سید ارتضیٰ جعفری، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن شمسی بھی موجود تھے۔