کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم کی صوبائی کابینہ کا اجلاس، زائرین کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کا قیام
بلوچستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ زائرین کی خدمت کرتے ہیں۔ ہمیں بے لوث ہو کر زائرین کرام کی حسب استطاعت خدمت کرنی چاہئے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی زیر صدارت صوبائی دفتر کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ذاکر حسین درانی، سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر، رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ بخاری و دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر زائرین کے مسائل کے حل کے لئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جبکہ علمدار روڈ پر زائرین کے لئے مرکزی سبیل کیمپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے گذشتہ دو ماہ کی فعالیت کی رپورٹ پیش کی اور آئندہ تین ماہ کا مجوزہ پروگرام پیش کیا۔ جسے بحث و گفتگو کے بعد منظور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں جنگ بندی نہ کرانا حکومتی ناکامی ہے، تحصیل میئرپاراچنارمزمل حسین فصیح
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ زمینی راستے سے ایران و عراق سفر کرنے والے زائرین بلوچستان کے راستے سے زیارات کے لئے جاتے ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ زائرین کی مشکلات کو حل کرتے ہوئے زائرین کے لئے سہولیات فراہم کرے۔ بلوچستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ زائرین کی خدمت کرتے ہیں۔ ہمیں بے لوث ہو کر زائرین کرام کی حسب استطاعت خدمت کرنی چاہئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پارا چنار لہو لہو ہے، مگر حکومت اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پارا چنار بہادر اور با وفا لوگوں کی سرزمین ہے، جس کو ایک سازش کے تحت آگ و خون میں دھکیلا جا رہا ہے۔ حالیہ انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں سے شیعہ سنی وحدت کے عملی مظاہرے نے دشمن کو خوفزدہ کر دیا۔ حکمرانوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ پارا چنار اکیلا نہیں، پورے ملک کا دل پارا چنار کے لئے دھڑکتا ہے۔