مسافر زائرین کا یقینی تحفظ،کوئٹہ میں اعلیٰ سطح اہم ہنگامی اجلاس، بڑے فیصلے
اس کے علاوہ تمام گاڑیاں دن کے اوقات میں سفر کریں گی، جبکہ رات کے اوقات میں کانوائے بناکر متعلقہ سیکیورٹی میں چلائی جائے گی۔
شیعہ نیوز: بلوچستان میں زائرین اورمسافروں کے تحفظ کے لئے کوئٹہ میں انتظامیہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیکیورٹی سے متعلق متعدد فیصلے ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور سیکیورٹی پلان کے حوالے سے کوئٹہ میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان دشتی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد، سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان اور سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ کے علاوہ محکمہ پولیس، ایف سی، داخلہ، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور سیکیورٹی کے موجودہ حالات کا جائزہ، مسائل اور چیلنجز کا تعین، تحفظ اور سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات مرتب کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام مسافروں کوچز میں سات یوم کے اندر اندر گن مین تعینات، سی سی ٹی وی نصب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جبکہ قومی شاہراہوں سیکیورٹی اداروں کی پٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈبلیوایم کے وفد کی حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات ، مرکزی امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد
اس کے علاوہ تمام گاڑیاں دن کے اوقات میں سفر کریں گی، جبکہ رات کے اوقات میں کانوائے بناکر متعلقہ سیکیورٹی میں چلائی جائے گی۔ انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی گاڑی کسی زائرین کو نہیں لے جائے گی۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور سیکیورٹی کی اہمیت اور اس بات پر زور دیا کہ اس معاملے پر تمام متعلقہ اداروں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان قریبی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور سیکیورٹی کے موجودہ حالات کا جائزہ لے کر سیکیورٹی پلان ترتیب دیں گے۔ اجلاس میں قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ اور سیکیورٹی کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا گیا کہ قومی شاہراہوں پر مخلتف مسائل اور چیلنجز کا تعین کیا جائے گا۔ اجلاس میں قومی شاہراہوں پر مسافروں کے تحفظ کے لئے تجاویز اور سفارشات پر عمل درآمد کے لئے مستقل بنیادوں پر ایک جامع منصوبہ تیار کریں گے۔