ماہ ربیع الاول امن و محبت اور بھائی چارگی کا مہینہ ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ امن و محبت، رواداری اور بھائی چارگی کا مہینہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ رسول اکرم (ص) اور اہلبیت اطہار (ع) کی تعلیمات میں ہم آہنگی، صبر و تحمل اور برداشت کا درس موجود ہےجس سے تمام امت بشریت کو استفادہ کرنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرطیار سوسائٹی ملیر، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا اور دیگر مقامات پر منعقدہ مختلف اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم امہ کو اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت ہے اس سے قبل نہ تھی۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت ہمارا دشمن ہمارے مقابلے میں متحد ہوکر طرح طرح کی سازشوں میں مصروف ہے جبکہ مسلمان انتشار اور افراتفری کا شکار ہیں، یہی وجہ ہے کہ دشمنان اسلام ہم پر حاوی ہیں اور ہر طرف بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن، شام، افغانستان، عراق، لبنان، نائجیریا، کشمیر و فلسطین میں کشت و خون کا بازار گرم ہے، ان مظالم پر اقوام عالم اور دنیا بھر میں بسنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں۔