رفح بچوں کا شہر ہےاُس پر اسرائیلی حملے کے ہولناک نتائج برآمد ہوں گے، یونیسیف
شیعہ نیوز: یونیسیف نے غزہ کے شہر رفح کو بچوں کا شہر قرار دیتے ہوئے اُس پر صیہونی حکومت کے حملے کے ہولناک نتائج کی بابت، سخت انتباہ دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کے ترجمان جیمز ایلڈر نے یونیسیف کے انتباہات کو نظر انداز کرنے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے، رفح کو بچوں کا شہر قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس شہر پر حملہ نہیں ہونا چاہیے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کی پریس کانفرنس میں، یونیسیف کے مذکورہ اعلیٰ عہدے دارنے غزہ کے لیے انسانی امداد کے جاری رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ ہماری بدترین تشویش یعنی غزہ کے لوگوں کا ڈراؤنا خواب، اب حقیقت بنتا دکھائی دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہالینڈ اور جرمن پولیس کی فلسطین کی حمایت میں جاری طلبہ مظاہروں پر چڑھائی
جیمز ایلڈر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مرنے والے بچوں اور ماؤں کی تعداد اور مکانات اور اسپتالوں کی تباہی کے بارے میں دیئے جانے والے ہر انتباہ اور حیران کن اعداد و شمار کو اب تک نظر انداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے نظام صحت کی منظم تباہی کے درمیان، رفح میں واقع یورپی اسپتال شہریوں کی جان کو بچانے کے لئے آخری راستہ رہ گیا ہے۔ یونیسیف نے پہلے خبردار کیا تھا کہ صیہونی حکومت کا فوجی محاصرہ اور رفح پر زمینی حملہ، ان چھے لاکھ بچوں کے لیے تباہ کن خطرات کا باعث بنے گا جو اب اس شہر میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔
یونیسف کے ترجمان نے خبردار کیا کہ رفح میں موجود انتہائی غیر محفوظ افراد بالخصوص بچوں کی بڑی تعداد کے سبب مزید المیہ، ان معصوموں کے انتظار میں ہے جبکہ دوسری جانب تشدد کے شدت اختیار کرجانے کا امکان زیادہ اور نقل مکانی کا امکان بہت کم رہ گیا ہے۔