جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد کی سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور فعالیتوں کو سراہا ۔
شیعہ نیوز : مؤسسہ باقر العلوم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر جعفری سے ملاقات کی ۔جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد میں نو منتخب صدر جناب شیخ علی نقی جنتی اور انکی کابینہ کے اراکین شامل تھے ۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد نے سربراہ مجلس وحدت مسلمین کو قم المقدس میں خوش آمدید کہا ۔اسکے بعد جامعہ روحانیت بلتستان کے دبیر شیخ محمد سجاد شاکری نے جامعہ روحانیت کے اراکین کا تعارف کروایا اور جامعہ روحانیت کی فعالیتوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ آپ نے جامعہ روحانیت کی طرف سے شائع ہونے والے مجلے اور سکول کے بچوں کے لیے مرتب کی گئی دینیات بھی علامہ صاحب کی خدمت میں پیش کی ۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جامعہ روحانیت بلتستان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور فعالیتوں کو سراہا ۔
آپ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی سرزمین میں گلگت بلتستان کے علماء و طلباء کا بہت اہم رول اور خدمات ہیں ۔آپ نے کہا کہ گلگت بلتستان بہت اسٹریٹجک ہے یہاں پر موجود زمینیں ، معدنیات و منرلز کی وجہ سے اس کی بہت اہمیت ہے ۔ آپ نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کا نان پولٹیکل ، غیر سیاسی تفکر سب سے بڑا مسئلہ ہے سیاست سے لا تعلقی کی وجہ سے جہاں محرومیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہاں مفاد پرست لوگ آپ پر مسلط ہو رہے ہیں ۔آج اگر مقاومتی تنظیمیں غیر سیاسی ہوتیں تو کبھی کامیاب نہ ہوتیں ۔
آپ نے کہا کہ علماء دین کا خوبصورت چہرہ ہیں ۔ جیسے سید حسن نصر اللہ دین کا خوبصورت چہرہ تھے ۔ مظلوموں کی حمایت میں اپنی جان قربان کی۔ علماء کو دین کا خوبصورت چہرہ ہونا چاہیے ۔
یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کا صیہونی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملہ، ایک فوجی ہلاک اور پانچ زخمی
ھم اس وقت بہت حساس دور میں زندگی کر رہے ہیں آج کی جنگ بہت بڑی جنگ ہے یہاں اگر شکست کھاتے ہیں تو صدیوں کی ذلت ہے اور یہاں اگر فاتح بن جاتے ہیں تو دنیا ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی آپ نے کہا کہ اس وقت حوزہ علمیہ میں فقہ تخصصی کی بہت اہمیت ہے ۔ حوزے میں موجود طلاب کو چاہیے کہ وہ فقہ تعلیم و تربیت میں تخصص کریں، فقہ اقتصاد میں تخصص کریں، فقہ سیاسیات میں تخصص کریں ۔
آج ہم سیاست سے لاتعلق نہیں رہ سکتے ہمیں اپنی سیاسی طاقت بنانے کی ضرورت ہے آپ کبھی بھی اپنے آپ کو کمزور نہ سمجھیں آپ کا اسٹینڈ اصولی ہونا چاہیے جوامع روحانیت کو چاہیے کہ وہ ملک عزیز پاکستان میں اپنی خدمات کو وسعت دیں اس وقت پاکستان کی عوام آپ کی محتاج ہے آپ پاکستان آئیں لوگ اپ کے منتظر ہیں آپ اپنے لوگوں کی خدمت کریں۔
یاد رہے کہ اس نشست میں مجلس وحدت مسلمین امور خارجہ کے سیکرٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی، موسسہ باقر العلوم کے مسؤل استاد حوزہ جناب فدا علی حلیمی، مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے سیکرٹری مولانا سید شیدا جعفری اور کابینہ کے افراد بھی شریک تھے۔