پاراچنار میں مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
شیعہ نیوز: پاراچنار میں مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انجمن حسینیہ، تحریک حسینی اور دیگر ملی تنظیموں کے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ ریلی پاراچنار پریس کلب کے سامنے پہنچ کر اجتماع کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی سے سیکرٹری انجمن حسینیہ عنایت علی طوری، تحریک حسینی پاراچنار کے صدر مولانا سید تجمل حسین الحسینی، مولانا عابد حسین اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ کے ظلم نے اسرائیل، صیہونیت، امریکا، برطانیہ اور انسان دشمن ظالم قوتوں کو بے نقاب کردیا ہے اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر بڑا مسئلہ ثابت کردیا ہے، دُنیا میں امن کے لیے ناگزیر ہے کہ عالمی برادری سنجیدہ انداز میں اب آگے بڑھ کر مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل کرے۔