رمضان المبارک قرآن کریم کی بہار کا مہینہ ہے، علامہ مرید نقوی
شیعہ نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا نمائندہ ہے، اس سے تمسک کریں، ہم مجلس ہوں اور کلام پاک سے دوستی کریں، یہ ایسا دوست ہے جو جھوٹ نہیں بولتا، رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا جو قرآن کریم سے ہم مجلس ہو گا، اپنے لئے ہدایت میں اضافہ اور گمراہی میں کمی کرے گا، عقائد درست ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا رمضان المبارک قرآن کریم کی بہار کا مہینہ ہے۔ بہترین عبادت تلاوتِ قرآن ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت اور حضرت امام مہدی کا انتظار افضل اعمال میں سے ہے۔ علامہ مرید نقوی نے کہا دختر رسول سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا دنیا سے رخصت ہونے لگیں تو امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کو اپنی قبر پر قرآن مجید کی تلاوت کی وصیت فرمائی۔ انہوں نے کہا قرآن مجید ایسی کتاب ہے جس سے اہلبیت اطہارؑ نے محبت کی۔ سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا میری امت کے اشراف وہ ہیں جو قرآن کریم کی تلاوت کرتے اور نماز شب قائم کرتے ہیں۔
علامہ مرید نقوی نے کہا نماز شب کی گیارہ رکعتیں مکمل نہیں پڑھ سکتے تو تین رکعت پڑھی جا سکتی ہے۔ پورا پارہ یا سورہ تلاوت نہیں کر سکتے تو قرآن مجید کی صرف دو آیات بھی تلاوت کی جا سکتی ہیں۔ اپنی دکان میں قرآن مجید کی تلاوت کریں، اللہ تعالیٰ کاروبار میں برکت عطا فرمائے گا۔ امام جمعہ علامہ مرید نقوی نے وفات زوجہ رسول خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیہا پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا خدیجہ الکبریٰؑ، دختر رسول حضرت فاطمة الزہرا ؑکے بعد افضل ترین خاتون ہیں۔ جب جب بھی جبرائیل علیہ السلام وحی لے کر آتے تو فرماتے اللہ تعالیٰ نے خدیجہ الکبریٰ ؑکو سلام بھیجا ہے۔ پیغمبر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا آپ نے وہ کام کئے جو کوئی نہیں کر سکا۔ علامہ مرید نقوی نے کہا فلسطینیوں کو نہ بھولیں، ان کی مالی سیاسی اور سفارتی مدد کریں، یہ باعث فخر ہے کہ دنیا بھر میں مکتب اہلبیت اطہارؑ کے پیروکاروں نے اپنے اہل سنت فلسطینی بھائیوں کی بھر پور امداد کی ہے۔