
عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے استقبالیہ کیمپس
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری، مولانا حیات عباس نجفی، مولانا ملک غلام عباس، مولانا نشان حیدر ساجدی نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر شرکائے میلاد ریلی سے استقبالیہ کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن مسلمانوں کا اپنے نبی کریم (ص) سے عشق کے عملی اظہار کا دن ہے، امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین (ص) کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے، حضور نبی کریم (ص) نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، آج اسلام کے نام پر جو گلے کاٹے جا رہے ہیں وہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما ظاہر کرنے کی مذموم کوشش ہے، جس کے پس پردہ صیہونی نصرانی ایجنڈا کار فرما ہے، اس سازش کو باہمی اتحاد و یگانگت سے شکست دینا ہوگی، علما کی اعلیٰ بصیرت اور دانش مندانہ اقدامات سے عدم برداشت کے رجحان کا خاتمہ کرکے معاشرے میں امن و سکون قائم کیا جا سکتا ہے، آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے، نبی کریم (ص) کی حقیقی تعلیمات کا فروغ اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا آج ہمیں عہد کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام جبر و بربریت سے نہیں بلکہ اسوہ حسنہ سے پھیلا ہے، دنیا کے دیگر مذاہب حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے اسلام کے نظام عدل و مساوات اور باہمی احترام پر عمل پیرا ہیں، حضور کریم (ص) کی ذات مبارکہ سے محبت کے زبانی اقرار کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو عملی زندگیوں میں نافذ کرنے کے دشمنان اسلام کی کوششوں کو ناکامی سے دوچار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین 12 تا 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منا رہی ہے، اس دوران ملک بھر میں جشن میلادالنبی (ص) کے سلسلے میں سمینار منعقد کئے جائیں گے، تمام صوبائی و ضلعی دفاتر پر چراغاں اور نعتیہ محافل کا انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، بارہ ربیع الاول کو ملک بھر کی طرح شہر قائد میں عید میلاد النبی (ص) کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی گئیں۔