
اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات نظریہ پاکستان سے غداری ہے، ڈاکٹر صابر ابومریم
سیکرٹری جنرل پی ایل ایف نے کہا کہ فلسطین کی حمایت دراصل مظلوم انسانیت کی حمایت ہے، اور اس مسئلے پر پاکستان کی ریاستی اور عوامی پوزیشن ہمیشہ دوٹوک رہی ہے، جسے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے
شیعہ نیوز: فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، علماء کرام، ذاکرین، خطبا، دانشوروں، اسکالرز اور معاشرے کے تمام طبقات سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش یا مطالبے کی شدید مذمت کریں۔ ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات دراصل بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات اور اصولوں کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج کا عظیم قائد
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد ہی نظریہ اسلام اور مظلوموں کی حمایت پر رکھی گئی تھی، اور فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا بنیادی مسئلہ ہے، ایسے میں اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے یا اسے تسلیم کرنے کی بات کرنا نہ صرف فلسطینیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے بلکہ یہ پاکستان کے نظریاتی تشخص پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے تمام ذمے دار حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت نوٹس لیں اور ایسے عناصر کا محاسبہ کیا جائے جو اس حساس معاملے پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔