رہبر معظم کی موجودگی میں حضرت فاطمہؑ کی شہادت کی مناسبت سے مجلس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی موجودگی میں حسینیہ امام خمینی ؒ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی عزاداری کے سلسلے میں پہلی مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں بعض اعلی حکام سمیت عوام کے مختلف طبقات نے شرکت کی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی نے مجلس عزا سے خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا ؑ اور اہلبیت علیہ السلام کی مودت اور معرفت کے سلسلے میں قرآن کی مجید کی آیہ مودت اور چند دیگرآیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہلبیت علیہ السلام سے مودت اور ان کی پیروی کے لئے ان کی پہچان اور شناخت ضروری ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا ؑ کی سب سے اہم فضیلت عبودیت محض ، ولایت کے حق کی ادائیگی اور اس کے تحفظ کے لئے جان کی قربانی تھی ۔ شہید قاسم سلیمانی جیسے افراد اسی مکتب کے تربیت یافتہ ہیں جو بندگی و عبودیت محض اور ولایت اور حرم اہلبیت ؑ کے تحفظ کے لئے اپنی جان کی قربانی پیش کرتے ہیں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی نے سردار سلیمانی کی شہادت کے اہم آثار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے نتیجے میں اسلام و انقلاب کے اقتدار میں اضافہ ہوا اور امت مسلمہ کے اندر بیداری کی ایک نئی لہر پیدا ہوگئی اور دینی حاکمیت کی یہی برکت ہے کہ اس کے سائے میں شہید قاسم سلیمانی جیسے کم نظیر افراد تربیت پاکر رشد و ہدایت کا سبب بنتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سامراجی طاقتیں دین اور دینی حکومت سے ناراض اور نالاں ہیں۔