
فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں، اپوزیشن گرینڈ الائنس کا تحریک چلانے کا اعلان
شیعہ نیوز: اپوزیشن گرینڈ الائنس کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک تحفظ آئین چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں اپوزیشن کی چھ جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عمر ایوب نے یہ اعلان کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ترین، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، پشتونخوا میپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور جماعت اسلامی کے قائمقام امیر لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنماء موجود تھے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بننے جا رہا ہے۔ جس کی دوسری میٹنگ آج کوئٹہ میں تھی۔ حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔ جس کا نام تحریک تحفظ آئین رکھا گیا ہے۔ اپوزیشن کی تحریک کے صدر کیلئے محمود خان اچکزئی کو نامزد کر رہے ہیں۔ فارم 47 کی بنی حکومت کو رد کرتے ہیں۔ ہم ایک ملک دو قوانین کا نظام ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جہاں قانون کی پاسداری نہ ہو وہاں خوشحالی نہیں ہوتی ہے۔