دینی مدارس دور حاضر میں روشنی اور ہدایت کا مینار ہیں
دینی مدارس نے دنیا کو حضرت امام خمینی جیسا عظیم انقلابی رہنماء دیا
شیعہ نیوز: ضلع سرگودھا میں قائم جامع دارالعلوم محمدیہ کا دورہ کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے اساتذہ کرام اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ نے دنیا کو عظیم رہنماء دیئے ہیں۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔ صوبہ پنجاب کے تنظیمی دورے کے موقع پر دارالعلوم محمدیہ کے پرنسپل اور مجلس علماء امامیہ کے صدر علامہ ملک نصیر حسین نے علامہ مقصود ڈومکی کو دارالعلوم کی تاریخ اور دینی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی رہنماء مولانا ظہیر الحسن، ضلعی صدر ذوالفقار علی اسدی، مولانا ملک محمد سبطین، علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر موجود تھے۔
جامع دارالعلوم محمدیہ میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مدارس دینیہ اور حوزات علمیہ میں جن عظیم انسانوں نے تربیت پائی وہ دور حاضر میں روشنی اور ہدایت کا مینار ہیں۔ آج جب ہر طرف ظلمت، تاریکی، ظلم اور بربریت کا دور دورہ ہے ایسے میں علوم قرآن و علوم آل محمد (ص) سے مزین یہ حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ علوم آل محمد (ص) کی روشنی پھیلا رہے ہیں اور دنیا کو عدل انصاف اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوم شہادت علامہ آفتاب حیدر جعفری
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مذید کہا کہ عصر حاضر کے عظیم انقلابی رہنماء حضرت امام خمینی کسی یونیورسٹی کے نہیں، بلکہ حوزہ علمیہ کے فارغ التحصیل تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ کے طلباء کو کبھی احساس کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ دینی مدارس نے دنیا کو شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی، آیت اللہ سید باقر الصدر، شہید مرتضیٰ مطہری، شہید سید حسن نصر اللہ، علامہ ابراہیم زکزاکی اور رہبر معظم آیت اللہ سئد علی خامنہ ای حظہ اللہ جیسے عظیم رہنماء دیئے، جن پر عالم انسانیت کو ناز کرنا چاہئے۔ جن کا ثانی لانا دنیا کی کسی یونیورسٹی کے بس کی بات نہیں۔ اس دورے کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے سرگودھا میں قائم مدرسہ امام صادق علیہ السلام اور علاقے میں قائم مسجد و امام بارگاہ کا بھی وزٹ کیا اس موقع پر اہل علاقہ مومنین نے علامہ مقصود علی ڈومکی کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
اس دورے کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم ضلع سرگودھا کی کابینہ، صوبہ پنجاب کے نائب صدر سے ملاقات کرت ہوئے کہا کہ بحیثیت شیعہ ہم وطن عزیز پاکستان میں شیعہ حقوق کے محافظ ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر ملت کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ نصاب تعلیم میں متنازعہ اور فرقہ وارانہ منافرت پر مبنی مواد قبول نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ملک میں 1975 کے متفقہ نصاب تعلیم کی طرز پر اسلامیات کے نفاذ کا مطالبہ کرتی ہے۔ جس پر تمام مسالک اور مکاتب فکر کے علماء کرام کا اجماع ہے۔