دنیا

اسرائیل و امریکہ کے یمن پر حملے، مقاومتی گروہوں کی شدید مذمت

شیعہ نیوز: مقاومتی تنظیموں نے یمن پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یمن کے مختلف شہروں پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جارحانہ حملوں کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ خطے کی مزاحمتی تنظیموں نے ان حملوں کو کھلی جارحیت، جنگی جرائم اور ریاستی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلامی جہاد فلسطین نے اپنے بیان میں یمنی فوج اور عوام کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت یمنی فوج کے حملوں کے سامنے مکمل بے بس ہوگئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یمنی فوج نے دشمن پر کاری وار کی ہے اور اسے فضائی محاصرے میں لے لیا ہے۔

تحریک جہاد نے غیر عسکری اہداف پر صہیونی حملوں کو جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کی طرح صہیونی حکومت بھی اپنے اہداف کے حصول میں بری طرح ناکام ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : انصاراللہ کے حملوں نے اسرائیل کو دنیا سے کاٹ دیا، صہیونی میڈیا کا اعتراف

دوسری جانب حماس نے بھی ایک بیان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے یمن کے الحدیدہ صوبے پر وحشیانہ حملے کو سختی سے مسترد کیا اور کہا ہے کہ یہ کارروائی جنگی جرم، منظم ریاستی دہشتگردی اور غزہ کی حمایت سے یمن کو روکنے کی ناکام کوشش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس وحشیانہ حملے کو برادر ملک یمن پر کھلی جارحیت سمجھتے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ایک سنگین جرم ہے۔

حماس نے مزید کہا کہ یہ حملہ نتن یاہو حکومت کی ایک ناکام کوشش ہے تاکہ غزہ کے دفاع اور حمایت سے انصار اللہ کو روکا جاسکے۔

لبنانی مقاومتی تنظیم حزب‌الله نے بھی ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے نہ صرف یمن کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مغربی یمن کے صوبہ الحدیدہ میں اہم تنصیبات اور غیر عسکری بنیادی ڈھانچوں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

حزب‌الله نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ حملہ ایک مکمل جنگی جرم ہے جو تمام بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عراقی تنظیم کتائب حزب‌الله نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور انصاراللہ اور یمنی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن پر وحشیانہ بمباری، امریکہ کی سامراجی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ امریکہ غزہ میں نسل کشی کی پشت پناہی کرکے خطے کے عوام کو جھکانے اور ان کی مزاحمت کو ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ حملے یمن کی جانب سے فلسطینی عوام اور غزہ کی ظالمانہ محاصرے کے خلاف واضح اور اصولی حمایت کو ختم کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔

بیان کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ ہم صہیونی-امریکی جارحیت کے خلاف یمن کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، اور یمن کی قیادت کی بہادری اور اس کے عوام کی استقامت کو سراہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button