اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر پرامن طور پر حل کریں

شیعہ نیوز:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی کو امن کیلئے ہماری خواہش کا غلط مطلب نکالنے کی اجازت نہیں دیں گے، افواج پاکستان کسی بھی قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،پاکستان پرامن ملک ہے جس نے عالمی اور علاقائی امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہیں، یہ وقت ہے کہ ہر سطح پر اور سمت میں امن کا ہاتھ بڑھایا جائے، پاکستان اور بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ وہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق پرامن انداز میں حل کرنا چاہئے تاکہ کشمیر میں انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو، پاکستان دشمنوں کے خلاف آپریشنز میں تینوں مسلح افواج نے مربوط ہم آہنگی اور رابطہ کاری کو یقینی بنایا اور اس کی وجہ سے داخلی سلامتی بھی بہتر ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ائیرفورس اکیڈمی اصغر خان میں 144 ویں جی ڈی پائلٹ، 90 انجینئرنگ کورس اور 100 ویں اے ڈی کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منگل کو منعقد ہوئی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے جبکہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح فضائیہ نے اپنی پیشہ وارانہ مہارتوں اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران جس صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ ہمارے عزم اور باصلاحیت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے، پوری قوم کو اپنی ائیرفورس پر فخر ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل میں شاندار روایات کی بلندیوں کو چھوئے گی۔ آرمی چیف نے اس موقع پر سعودی عرب کے کیڈٹس کی اکیڈمی میں موجودگی کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین تعلقات کا عکاس ہے، دونوں ممالک بھائی چارے اور اسلام کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر 133 کیڈٹس نے گریجویٹ کیا جس میں 11 سعودی ائیرفورس کے کیڈٹس اور6 لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھے۔آرمی چیف نے گریجویشن کرنے والے آفیسرز کو ٹرافی اور انعامات سے نوازا۔تقریب کے آخری میں پاک فضائیہ کی ایروبیٹک ٹیم نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔شیردل ٹیم نے خصوصی ملٹری ڈرل حمزہ فلائٹ پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button