ریاض اور تل ابیب مقدس مقامات کی بے حرمتی میں مشترکہ طور پر ملوث: سعودی اپوزیشن
شیعہ نیوز:سعودی سیاسی اپوزیشن تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی صحافیوں اور رپورٹروں کو جان بوجھ کر حرمین شریفین اور مقدس مقامات میں داخلے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو دین اسلام کی تعلیمات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اس بیان میں آل سعود اور صیہونیوں کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار کرنا فلسطینیوں کے ساتھ خیانت اور امت اسلامیہ اور اس کے اصولوں کے ساتھ کھلی غداری ہے۔ سعودی اپوزیشن تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فلسطین کو عالم اسلام کا اصل مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔ اس بیان میں صیہونی صحافی کی مسلمانوں کے مقدس ترین مقامات میں داخلے کی اجازت کو ریاض کی اسلام دشمنانہ پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ایک صیہونی ٹی وی چینل کے رپورٹر نے حج کے ایام میں اپنی ایک تصویری رپورٹ جاری کی تھی جس میں دیکھا گیا کہ یہ صیہونی صحافی مکمل آزادی کے ساتھ مکہ مکرمہ میں موجود ہے۔ اس صحافی نے دعوی کیا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اسے ضروری سیکیورٹی اجازت نامے اور دستاویزات جاری کئے گئے تھے۔