روس: صدارتی انتخابات میں پیوٹن کی جیت حتمی ہوگئی
شیعہ نیوز: روسی فیڈریشن کے مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ولادیمیر پوٹن نے اس ملک کے صدارتی انتخابات میں 87 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔
اسپوتنک نیوز نے خبر دی ہے کہ روسی فیڈریشن کے مرکزی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 95 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد اس ملک کے موجودہ صدر ولادیمیر پوتن 87.32 فیصد ووٹ حاصل کرکےپانچویں بار ملک کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
روس کے صدارتی انتخابات جمعے کو شروع ہوئے اور اتوار تک جاری رہے۔ اس ملک کے صدارتی انتخابات کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ووٹنگ کا عمل 3 دن میں مکمل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ مقاومت کا نمونہ بن چکا ہے، جنرل محمد باقری
روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق اس الیکشن میں حصہ لینے کی شرح 70 فیصد سے زیادہ رہی۔
اس انتخابی دور میں روس کے اندر 111,300,000 افراد اور دنیا کے 144 ممالک میں اس ملک کے 1,890,000 شہری ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔
ان انتخابات میں پوٹن کے اہم حریفوں میں ڈوما کے موجودہ رکن 40 سالہ ولادیسلاو ڈاونکوف، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ 56 سالہ لیونیڈ سلٹسکی، اور کمیونسٹ پارٹی کے نائب 75 سالہ نکولائی خاریٹونوف شامل ہیں۔