
سردار شہید قاسم سلیمانی کے پیکر پاک کو سپرد خاک کردیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سردار اور سپاہ اسلام کے عظیم مجاہد شہید قاسم سلیمانی کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ایران کے شہرکرمان کے گلزار شہداء میں سپاہ اسلام کے عظیم مجاہد شہید قاسم سلیمانی کے پیکر پاک کو سپرد خاک کردیا گیا ۔
شہید جنرل سلیمانی کے جسد خاکی کو ان کے آبائی شہر لایا گیا تو کہرام مچ گیا جب کہ اس موقع پر ہرآنکھ اشکبار اور انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔
سپاہ اسلام کے عظیم شہید میجر جنرل قاسم سلیمانی کی تشییع جنازہ میں کل کئی ملین افراد نے شرکت کی ، عوامی بھیڑ، رش اور اژدہام کی بنا پر حکام نے تدفین کے پروگرام کو مؤخر کردیا تھا اورآج سحر کو سپاہ اسلام کے عظیم کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
شہید میجر جنرل سلیمانی کو ان کی وصیت کے مطابق کرمان کے گلزار شہداء میں ان کے ایک قریبی ساتھی شہید سیف الہی کی قبر کے پاس دفن کیا گیا ہے۔ شہید قاسم سلیمانی شہید سیف الہی سے کافی مانوس اور اس شہید کو عارف باللہ اور سالک الی اللہ سمجھتے تھے۔
واضح رہے کہ تہران میں جنرل شہید سلیمانی کی نمازجنازہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کا جسد خاکی اہواز، مشہد، تہران اور قم میں تشیع ہونے کے بعد کل بروز منگل ان کے آبائی علاقے کرمان پہنچا جہاں کئی لاکھ افراد نے تشیع جنازہ میں شرکت کی۔
اس سے قبل اس سے قبل نجف اشرف میں جنرل شہید سلیمانی کی نمازجنازہ آیت اللہ بشیرنجفی کی امامت میں ادا کی گئی تھی ۔عراق کے شہروں کاظمین ،بغداد، نجف اشرف اور کربلائے معلی میں شہید قاسم سلیمانی ، شہید ابو مہدی مہندس اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تشییع جنازہ ہوئی جن میں لاکھوں ایرانیوں، عراقیوں اور دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔