اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام دو روزہ سفیران مہدیؑ ورکشاپ کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ سفیران مہدیؑ ورکشاپ کا انعقاد دادو سٹی سندھ میں کیا گیا۔ جس میں 140 سفیران نے شرکت کی۔
اصغریہ تحریک کے یہ سفیران سال بھر سندھ کے مختلف مقامات میں درس و تدریس اور تبلیغ میں مصروف عمل رہتے ہیںاور ماہ محرم الحرام سے مسلسل عشرہ و خمسہ مجالس میں خطابت کرکے تحریک کربلا اور امام حسینؑ کے حقیقی مقاصد کو معاشرے میں عام کرتے ہیں۔
ورکشاپ کا آغاز میں انجینئر سید حسین موسوی نے نئے سفیران سے خطابت کے اصول پر گفتگو کی، اس کے ساتھ ساتھ تحریک کے مقاصد پر روشنی ڈالی کہ اصغریہ تحریک اس سفیران مہدیؑ تحریک کے ذریعے کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
سید حسین موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطیب ایک طبیب کی مانند ہے، اس لئے خطیب کو چاہیے کہ سب سے پہلے مرض کی تشخیص کرے، بعد میں اس کا علاج کرے۔ انہوں نے کہا کہ خطابت ایک مسلسل کام ہے، اس میں مسلسل کام کیا جائے، سب سے پہلے یہ دیکھنا ہوگا کہ ہمارے خطے کے کیا مسائل و امراض ہیں، تاکہ ہم ایک پروگرام بنا سکیں اور ان مسائل و امراض کا سدباب کر سکیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کے عنوان سے منایا جارہا ہے، آئی ایس او
انجینئر سید حسین موسوی نے موجودہ دور کے سب سے بڑے اور خطرناک امراض کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں دین کا مکمل تصور پیش نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے مکمل دین دار نہیں بن رہے، دین کا مکمل تصور چار بنیادوں پر بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین عقائد کی تعلیم دیتا ہے اور عقائد کا تعلق سوچ سے ہے، اس لئے انسان کی سوچ بہتر ہو، دین احکام کی تعلیم دے رہا ہے، حلال و حرام کی تعلیم کا تعلق اعمال سے ہے، تاکہ انسان کے اعمال بہتر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دین اخلاق کی تعلیم دے رہا ہے، جس کا تعلق عادات سے ہے، تاکہ انسان کی عادات بہتر ہو، دین میں معارف ہیں، جس میں سب سے پہلے فلسفہ احکام، قرآن، دعا اور سیرت انبیاؑ و آئمہ کی معارفت حاصل کرنے ہوگی، اگر اس طرح دین کا تعارف کرایا جائے اور اس پر عمل کیا جائے، تب معاشرے میں مکمل دین دار بن سکتے ہیں۔
انجینئر سید حسین موسوی نے فرقہ واریت اور فرقہ وارنہ سوچ جیسے سنگین مرض سے متعلق بھی گفتگو کی۔ کانفرنس میں شرکاء کو خطابت کی تربیت دی گئی اور نئے سفیران سے خطابت کی بھی مشق کرائی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد باقر نجفی نے مبلغ کی ذمہ داریوں اور تبلیغ کا اسلامی تصور قرآن کی روشنی سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ ورکشاپ کا اختتام دعا سلامتی امام زمانہ (عج) سے ہوا۔