
کشتیاں جلا کر اسلام آباد کا رخ کر رہے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز:متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آزادی مارچ کی آمد سے قبل ہی حکومتی ایوان لرز رہے ہیں، ہر گھنٹے بعد ایک وزیر پریس کانفرنس کرنے آ جاتا ہے، حکمرانوں کے درباری بد زبانی کے ذریعے سیاسی آلودگی پھیلا رہے ہیں۔ طاہر اشرفی کی پریس کانفرنس اور عمران خان پر الزامات اپنی نوکری پکی کرنے کی کوشش ہے، دہشتگردوں کے ترجمان ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ اتوار تک لاکھوں لوگ اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حالات انتخابات کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت سو جوتے کھائے یا سو پیاز انتخابات کی تاریخ دینی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے احتجاج کا ہر راستہ استعمال کریں گے۔ پُرامن سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ غیر جمہوری رویہ ہے۔ غیر ملکی دوروں کے سوا وزیر اعظم کا کوئی کردار نہیں۔ بھارت سے دوستی کے علمبردار حکمرانوں کے ہاتھوں ملک غیر محفوظ ہے۔ قوم تاجر اور سوداگر حکمرانوں سے تنگ ہے۔ امپورٹڈ حکومت کی قرضہ لاؤ ملک چلاؤ مہم نے ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔ موجودہ حکومت نے ہر گھنٹے میں بینکوں سے 16 کروڑ 87 لاکھ کا قرضہ لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ اور دیگر مقامات پر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا آزادی مارچ روکنے کیلئے ریاستی طاقت کا استعمال کیا گیا تو پورا ملک جام کر دیں گے۔ حکومت حالات خراب کرنے پہ تلی ہوئی ہے۔ کشتیاں جلا کر اسلام آباد کا رخ کر رہے ہیں۔ آر یا پار کرنے کا اب وقت آ گیا ہے۔ آزادی مارچ روکنے کے حکومتی ہتھکنڈے ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو طاقت کا استعمال بہت مہنگا پڑے گا۔ پوری قوم عمران خان کے مطالبات کی حامی ہے۔ منحوست زدہ اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کی فیصلہ کن جہدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ ہر گھر میں کرپٹ حکمرانوں سے نجات کی دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں ملازمتوں سے پابندی ختم کرنا خوش آئند ہے۔