آئی ایم ایف کے فرمائشی و عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کیا جائے، ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز:پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کیلئے بیرونی مداخلت کو بند کیا جائے، آئی ایم ایف کے فرمائشی و عوام دشمن پالیسیوں کو ترک کیا جائے، ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے تو بیرونی قرضوں سے نجات اور وسائل پر انحصار کیا جائے، کراچی کی مستقل روشنیاں بحال کرنے کیلئے سرمایہ کاروں، صنعتوں، فیکٹریوں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ بیرونی قرضے نہ لئے جائیں، قرضوں کا عوام پر بوجھ پڑتا ہے، جس کا غریب کو براہ راست کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ چینی، آٹا اور دودھ مہنگا کرنے والے مافیا بے لگام ہو چکے ہیں، حکومت کی طرف سے ان کے خلاف کوئی کارروائی کا نہ ہونا مافیاز کو آکسیجن دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخوں سے کئی گناہ زیادہ اشیاء فروخت ہو رہی ہیں، حکومت کی رٹ کہاں ہے، ذخیرہ اندوز اور بحران پیدا کرنیوالے مافیاز کو کون روکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی طرز پر گھروں میں چھوٹی چھوٹی فیکٹریاں قائم کرنے کیلئے عوام کو بلاسود قرضے اور سہولیات فراہم کرے۔