سعودی ابہا ایئرپورٹ پر یمن کا ڈرون حملہ، اہم فوجی ہدف تباہ
شیعہ نیوز : یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ صَمّاد ۳ ڈرون نے ابہا ایئرپورٹ میں اہم فوجی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نےجمعرات کی رات ٹوئیٹ کر کے جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صَمّاد ۳ ڈرون نے ابہا ایئرپورٹ میں اہم فوجی ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
یحیی سریع نے کہا کہ آج رات کا حملہ سعودی اور اماراتی جارح افواج کی جانب سے یمن پر جاری حملوں اور محاصرے کا جواب ہے۔
گزشتہ ساڑھے پانچ سال سے یمن کو سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی شدید زمینی، سمندری اور فضائی جارحیت کا سامنا ہے۔ جنگ کے نتیجے میں اب تک جہاں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دربدر ہو کر بے سرو سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں وہیں یمن کے عوام کو کورونا وائرس سمیت مختلف قسم کے وبائی امراض کا بھی سامنا ہے۔
سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ کے سبب یمنی عوام کو شدید طور پر غذا، دوا اور ایندھن جیسی دیگر ضروریات زندگی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔اس کے باوجود سعودی اتحاد یمن میں اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔