
سعودی عرب ہمارا باپ نہیں ہے کہ جو وہ کہیں ہمیں کرنا ہے، زید حامد
شیعہ نیوز : متحدہ عرب امارات کی جانب سے قبلہ اوّل پر قابض اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام اور امت مسلمہ کی ٹھیکیداری کے دعویدارسعودی عرب کے خائن حکمرانوں کی جانب سے پاکستان پر اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم کرنے کے غیر معمولی دباؤ کے پیش نظر پیدا ہونے کی صورتحال پر معروف تجزیہ کار زید زمان حامد نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں دبنگ انداز میں کہا ہے کہ ’’ سعودی عرب ہمارا باپ نہیں ہے کہ جو وہ کہیں ہمیں کرنا ہے ‘‘ ۔
زید حامد نے پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صفوں میں چھپے ہوئے سانپوں اور بچھوؤں سے ہوشیار رہیے۔ اب سارے پھنکارنے لگے ہیں کہ پاکستان کو بھی اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ پاکستان میں جس حکمران نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کی قوم اس کی کھال اتار دے گی۔
واضح رہے کہ عرب ممالک خصوصاً عرب امارات اور سعودی عرب کی جانب سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات کے قیام اور امریکہ کی جانب سے ڈیل آف سینچری کے نام پر اقوام عالم کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے آمادہ کرنے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
ان عرب ممالک کی جانب سے اب پاکستان پر بھی دباؤ بڑھایا جارہاہے کہ وہ غاصب اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرکے بصورت دیگر مختلف قسم کی عالمی پابندیوں، مشکلات ،سختیوں اورداخلی بحرانوں کے لیئے تیار رہے ، اسی اثناء میں پاکستان میں موجود امریکی و اسرائیلی ہمدردی رکھنے والے بعض سیاستدان اور صحافی بھی میدان میں کود پڑے ہیں جو کہ کھلم کھلا میڈیا پر بیٹھ کر حکومت کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مشورے دے رہے ہیں ۔