سعودی عرب: میوزیکل کنسرٹ میں حملہ کرنے والے کو سزائے موت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سعودی عدالت نے میوزیکل کنسرٹ کے دوران اسٹیج پر رقص کرنے والے غیر ملکی طائفے پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرنے والے یمنی شخص کو سزائے موت سنا دی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ہونے والے میوزیکل کنسرٹ میں تین فنکاروں کو چاقو گھونپنے والے مجرم کو مقامی عدالت نے سزائے موت سنائی جب کہ مجرم کی معاونت پر ایک شخص کو 12 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم دونوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب سعودی اخبار الاخباریہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور یمن میں القاعدہ جنگجوؤں سے رابطے میں تھا اور وہیں سے ملنے والے احکامات پر عمل کرتے ہوئے 11 نومبر کو میوزیکل کنسرٹ میں فنکاروں پر حملہ کیا تھا۔ حملہ آور سعودی عرب میں ہونے والی انقلابی تبدیلیوں کا سخت ناقد بھی ہے۔
واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030ء کے تحت سعودی عرب میں معاشی، ثقافتی اور سماجی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں جس کے تحت خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے اور میوزیکل کنسرٹ کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔