سعودی عرب ایران کو اپنے لئے خطرہ نہ سمجھے، پیر اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے امریکہ کی طرف سے سعودی عرب کو ایران کے مقابلے میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباو کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت مسلم ممالک کو تقسیم کرکے اسلام دشمنی کا اظہار کر رہی ہیں، امریکہ اور اسرائیل کبھی بھی سعودی عرب کے ہمدرد نہیں ہوسکتے جبکہ عرب ممالک کو ایران سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ ایران نے کبھی کسی مسلم ملک پر حملہ کیا اور نہ ہی اس کے مفادات کو نقصان پہنچایا بلکہ ایران کی موجودہ قیادت نے اتحاد بین المسلمین کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، سعودی عرب اپنے لئے ایران کو خطرہ نہ سمجھے، اسلامی ممالک متحد ہوکر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں۔
لاہور میں جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکہ، عرب ممالک کو ایران سے ڈرا کر اپنی ہمددریاں جتوانا چاہتا ہے، تاکہ اپنا اسلحہ فروخت کرے اور اسرائیل کو تسلیم کروانے کے لئے بلیک میل کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے اسرائیل کو تو خطرہ ہوسکتا ہے، سعودی عرب کو نہیں۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی غلطی کی بجائے ایران کے ساتھ سفارتی مسائل کو حل کرے۔ پہلے ہی متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرکے غلامی کا طوق پہن لیا ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ عرب ممالک غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی کوشش کریں گے۔مسلم ممالک کا اتحاد ہی امت کی عظمت کا باعث ہوگا۔