سعودی جارحیت، یمن کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر گولہ باری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سعودی عرب نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گولہ باری کی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی جارحین اور اس کے ایجنٹوں نے مغربی یمن کے الحدیدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دسیوں مارٹر گولے داغے تاہم اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
درایں اثنا یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے اس جاسوس ڈرون کو سوئیڈن معاہدے کی خلاف ورزی کی بنا پر الحدیدہ کے الدریھمی ضلع میں تباہ کیا گیا ہے۔
یمنی فوج اور رضاکار فورس نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جارحین کے تین ڈرون طیارے مار گرائے ہیں۔ یمنی فوج اور رضاکار فورس جارح سعودی اتحاد کے حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک اس اتحاد کے سیکڑوں ڈرون طیارے گرا چکی ہے۔