سعودی جارحیت بند ہونے تک ٹھکانوں پر حملے جاری رہیں گے، یمن
شیعہ نیوز : یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے کہا ہے کہ جب تک یمن کے خلاف جنگ کا سلسلہ بند نہیں ہو جاتا اس وقت تک سعودی اہداف پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے نائب وزیر اطلاعات و نشریات نصرالدین عامر نے کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس اپنی سرزمین کے دفاع کا حق رکھتی ہے بنا بریں یمن کے خلاف جارحیت کے جواب میں کئے جانے والے حملے اور فوجی کارروائیاں ، ایک حکمت عملی اور ٹیکٹیک ہے ۔
یمنی حکومت کے اعلی عہدیدار نے جنگ سے باہر نکلنے کے لئے صنعا کی تجاویز پر ریاض کی جانب سے توجہ نہ دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اخبارات میں جنگ روکنے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ خفیہ مذاکرات کے بارے میں شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں –
دوسری جانب تحریک انصار اللہ کے سیاسی شعبہ کے رکن عبدالوہاب المحبشی نے بھی اعلان کیا ہے کہ جس میزائل سے سعودی عرب کی آرامکو آئل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے اسے اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ اس کی رینج مقبوضہ فلسطین تک بڑھ جائے۔
یمن کی مسلح افواج کے میزائلی یونٹ نے پیر کو قدس دو میزائل سے سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع آرامکو آئیل اسٹیشن کو نشانہ بنایا تھا ۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے بھی اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج کا میزائلی یونٹ قدس دو گائیڈڈ میزائل کے ذریعے سعودی عرب کی آرامکو آئل تنصیبات ڈسٹری بیوشن اسٹیشن کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔
اس درمیان تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد میں شدید اختلاف پیدا ہوگیا ہے اور یہ اتحاد بکھرنے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے صیہونی حکومت کے ساتھ ساز باز کر کے جو فائدہ اٹھایا ہے وہ اس نقصان کے مقابلے میں کچھ نہیں ہے جو یمن میں انھوں نے اٹھایا ہے۔
محمد البخیتی نے کہا کہ سعودی اتحاد کے رکن ممالک ، امریکہ اور اسرائیل کو غندہ ٹیکس دینے پر مجبور ہیں ۔ البخیتی نے زور دے کر کہا کہ ہم امریکہ میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹ کے درمیان کسی طرح کے فرق کے قائل نہیں ہیں کیونکہ دونوں ہی اپنا تسلط قائم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔