سعودی فوجی ٹھکانے یمنی فورسز کے حملوں کی زد میں
شیعہ نیوز: یمن کی فضائیہ نے جيزان ائرپورٹ اور شاہ خالد ائربیس پر جنگی طیاروں کے ہینگرز کو نشانہ بنایا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے فضائی یونٹ نے اتوار کی صبح جیزان اور خمیس مشیط میں سعودی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی خبردی ہے۔
یمنی فوج کے ترجمان یحی سریع کے بیان کے مطابق مسلح افواج کے فضائی دستے نے جیزان اور شاہ خالدائربیس پر جنگی طیاروں کے ہینگرز کو قاصف کے ٹو قسم کے دو ڈرونز کے ذریعے بہت ہی مہارت کے ساتھ اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
المسیرہ نے یحی سریع کے حوالے سے اپنی بریکنگ نیوز میں بتایا ہے کہ یہ کامیاب فوجی حملہ یمن کےمحاصرے اور ملت یمن کے خلاف سعودی فوجی جارحیت کے جواب میں انجام پایا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج جسے عوامی فورسز کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے، چھے سال سے زیادہ عرصے کی استقامت کے بعد جارحین کے خلاف جوابی حملوں کی پوزیشن میں آگئی ہے، سعودی عرب کے اندر فوجی ٹھکانوں پر ڈرون اور میزائیلی حملے اور اس کے ساتھ مآرب کے محاذ پر کامیابی نے سعودی اتحادیوں کے حوصلوں کو بری طرح سے پست کردیا ہے۔