
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کا شیڈول
ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ دورہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی تبدیلیوں کے پیش نظر خاص اہمیت حاصل ہے
شیعہ نیوز: ایران کے صدر آج بروز ہفتہ 2 اگست 2025ء کو پاکستان کے دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے ہیں۔ ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ دورہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات اور علاقائی تبدیلیوں کے پیش نظر خاص اہمیت حاصل ہے۔
ایرانی صدر کا اپنے دور حکومت میں پاکستان کا پہلا دورہ لاہور سے شروع ہو گا جہاں وہ حکیم مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے اور انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔
ایرانی صدر دورہ لاہور کے بعد دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے جہاں ان کی باضابطہ ملاقات اور گفتگو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شہریف اور پاکستان فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے طے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوچکا ہے، جیک سلیوان کا اعتراف
ثقافتی اور مذہبی سربراہان اور تاجر برادری سے ملاقات بھی صدر پزشکیان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
صدر مملکت کے سیاسی امور کے مشیر مہدی سنائی نے بتایا ہے کہ یہ ملاقاتیں دونوں ملکوں کے تجارتی، معاشی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات میں فروغ کے لیے انجام پائیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت تہران اور اسلام آباد کے مابین تجارت کا حجم 3 ارب ڈالر ہے اور اس مقدار کو مزید بڑھانے کی پلاننگ بھی بدستور جاری ہے۔