خفیہ مشینری نے انتخابی نتائج تبدیل کئے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان شہر میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا، شہر کے مختلف علاقوں میں برسر اقتدار سیاسی جماعتوں کے دہشتگردوں نے بدترین دھاندلی کی مختلف پولنگ عملے اور ایجنٹس اور ووٹروں کا دھمکایا گیا مگر اس تمام صورتحال میں الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کہیں دکھائی نہیں دیئے۔ وحدت ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کاسمیٹک انتظامات کئے، مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے خیمے کے نشان پر حصہ لیا اور مختلف جگہوں پر حمایت یافتہ امیدواروں نے سندھ بھر میں انتخابات میں حصہ لیا لیکن اس بار لگتا ہے انتخابات میں سیاسی طالبان کا ایجنسیوں سے پہلے ہی مک مکا ہوچکا تھا، نتائج سے قبل ہی صوبے اور شہر قائد کی برسر اقتدار 2 جماعتوں نے پہلے سے اپنی صوبائی و قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد کا اعلان کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل غائب رہے، متعدد بار انتخابی بے ضابطگیوں پر ٹھپے لگانے والوں کی ویڈیوز کے حوالے سے بہت سی شکایات بھی کی گئی، مگر الیکشن کمیشن اور قانون نافذ کرنے والوں کی جانب سے ان واقعات کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جاگیرداروں، وڈیروں، کرپٹ جماعتوں کو مسترد کیا خفیہ مشینری نے نتائج کو تاخیر کے بعد تبدیل کیا، جس سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا شفاف الیکشن مشکوک ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ من پسند نتائج تاریخ دھاندلی کے باوجود قومی اسمبلی کے آزاد امیدواروں کی تعداد ان سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں منعقدہ عام انتخابات 2024ء کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، تمام واقعات کے باوجود صوبے کی عوام کے شکر گزار ہیں کہ جہنوں نے ہم پر اعتماد کیا، ہمارے انتخابی نشان خیمہ اور اتحادی اور حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹ دیئے۔