پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

سیہون، ایس یو سی کے تحت شہدائے سیہون کی برسی کا انعقاد

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے شہدائے سیہون کی برسی اور عراق میں امریکی ڈورن حملے میں شہید ہونے والے قاسم سلیمانی اور ابو مہندی المہندس کے چہلم کی مناسبت سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ تقی شاہ نقوی نےکہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آئین اور قانون کی بالا دستی کا نہ ہونا ہے، شہداء سیہون کے خاندانوں کو ابھی تک انصاف نہ ملنا افسوسناک عمل ہے، عوام کو اپنے حقوق کی جدوجہد کے لئے میدان عمل میں آنا ہوگا اور نظام کو بدلنا ہوگا، سیاسی قوت اور طاقت کے ذریعے ہی حقوق کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر زیدی، علامہ ریاض حسین الحسینی، علامہ اسد اقبال زیدی، حسنین مہدی و دیگر کا خطاب میں کہنا تھا کہ سانحہ سیہون کو ہم بھولے نہیں ہیں، آج شہداء کی برسی میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کرکے دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ان دھماکوں کو ذریعے جان تو لے سکتے ہو، لیکن تشیع کے نظریئے کو ختم نہیں کرسکتے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں اور دہشت گردوں کو بے نقاب کیا جائے اور یہ مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے، اب بھی مزار پر ہونے والے سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں، لہذا لعل شہباز قلندر فورس کے نام سے ایک فورس تشکیل دی جائے، جو صرف مزار کی سکیورٹی پر مامور ہو، مزار کے احاطے میں قائم شدہ دکانوں کو ختم کرکے مزار کے تقدس کو بحال اور زائرین کو سہولتیں دی جائیں، کڑوروں روپے کی کرپشن کے سبب مزار کے اطراف میں گندگی اور غلاظت کے انبار لگے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے زائرین کے لئے سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں، یہ محکمہ اوقاف اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامات کے حوالے سے مؤثر اقدامات کرے، تاکہ زائرین کو سہولیات میسر آسکیں۔

اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ امریکہ عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے، اس نے عراق کی سرزمین پر قاسم سلیمانی اور ابو مہندی المہندس کو شہید کرکے اپنی درندگی کا ثبوت پیش کیا، امریکہ اور اسرائیل نے پوری دنیا کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے، مسلم ممالک کو اگر اپنی سالمیت اور بقاء عزیز ہے تو انہیں چاہیئے کہ امریکہ سمیت کسی بھی ملک کو اپنے داخلی معاملات میں مداخلت کی قطعا اجازت نہ دیں، اگر امت مسلمہ جرات کو اپنا ہتھیار بنالے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے خلاف کھڑی ہونے کی ہمت نہیں کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button