اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، لیکن خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا متحرک اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے حالیہ صورتحال پر پاکستان کا مؤقف ایرانی صدر کے سامنے رکھتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے پاکستان کی طرف سے قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کشیدگی میں اضافے کا خواہاں نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گہرے، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان، ایران کے ساتھ ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں، خطہ مزید کشیدگی اور کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستان کے مؤقف کی حمایت اور پرزور تائید پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے خطے میں قیام امن کیلئے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے حالیہ روابط کی تفصیلات سے بھی ایرانی صدر کو آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کر رہے ہیں، ایران کے بعد اب وہ سعودی عرب روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینیئر حکام بھی موجود ہیں۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close