شہباز شریف ڈی 8 ممالک کے اجلاس میں شرکت کیلئے 18 دسمبر کو مصر جائیں گے
شیعہ نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف 3 روزہ دورے پر 18 دسمبر کو مصر جائیں گے۔ وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک کے 11ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار 18 دسمبر کو ڈی 8 وزراء کونسل کے 21ویں اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ سمٹ کا تھیم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا اور ایس ایم ایز کو سپورٹ کرنا ہے۔ وزیراعظم ڈی 8 کے نظریات کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کریں گے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالیاتی ترقی کے لئے پاکستان کی ترغیبات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈی 8 کے خصوصی اجلاس برائے انسانی کرائسزز میں بھی شرکت ہوں گے اور مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کریں گے۔
اسی طرح محمد شہباز شریف فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن پر زور دیں گے۔ خیال رہے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی شرکت کرنے والے راہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں