شہید مظفر کرمانی پاکستان میں مظلومین جہاں کے مدافع تھے، علامہ صادق جعفری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہید مظفر کرمانی اور شہید نظیر عباس کی 21 ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے شہید کے رفقاء کے ہمراہ ان کے مرقد پر حاضری دی اور ان کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر علامہ صادق جعفری نے شہید کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید مظفر کرمانی نے پاکستان میں اللہ کی آواز کو بلند کیا، وہ پاکستان میں مظلومین جہاں کے مدافع تھے، شہید نے عزاداری کے فروغ کے لئے بے پناہ خدمات انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے مجاہد شیعہ رہنما یعقوب حسینی اب ہم میں نہیں رہے
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ شہید مظفر کرمانی قدس کی آزادی کیلئے کراچی میں آواز بلند کرنے والے اولین افراد میں سے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ خدا شہداء کے نام کو ہمیشہ زندہ رکھتا ہے، خدا کے ہاں شہید کا مرتبہ اس قدر بلند ہوتا ہے کہ وہ آرزو کرتا ہے کہ مجھے پھر سے دنیا میں بھیجا جائے اور میں پھر سے شہید ہوجاؤں۔
اس موقع پر منقبت خواں بیرسٹر مرتضیٰ اور اعجاز علی لاڑک نے نوحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید مظفر کرمانی کے بیٹے محمد تصدق اور شہید نظیر عباس کے بھائی بھی موجود تھے۔