مدافع حرم شہید قاسم سلیمانی عالم اسلام کے عظیم سپہ سالار تھے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ سردار مقاومت شہید قاسم سلیمانی کے لہو کی برکت سے آج پوری ملت اسلامیہ متحد ہو کر عالمی سامراج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔پاکستان کے شیعہ و سنی عوام ملک و قوم کو امریکی مفادات کی بھینٹ نھیں چڑھنے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سولجر بازار میں مدافع حرم شہید قاسم سلیمانی،شہید ابو مہدی المہندس و دیگر شہداء کی مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے شیعہ و سنی مسلمانوں کے امریکہ مخالف مشترکہ احتجاجی مظاہروں نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ قاسم سلیمانی فقط ایران نہیں بلکہ عالم اسلام کے عظیم سپہ سالار تھے۔
علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ سردار مقاومت قاسم سلیمانی کی شجاعانہ شہادت سے عالم اسلام خصوصاً جنگ آزادی کشمیر و فلسطین کو ایک نئی ذندگی ملی ہے،انشاء اللہ بھارت اور اسرائیل عنقریب بدترین رسوائی کا سامنا کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی اور دیگر شہداء کے لہو کی برکت سے آج پوری ملت متحد ہو کر عالمی سامراج کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔
علامہ باقر عباس زیدی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ مخالف احتجاجی مظاہروں کے بعد کوئٹہ میں بھارتی و اسرائیلی ایماء پر دہشتگردی کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جو کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔