مشرق وسطی

شہید قاسم سلیمانی کی شہادت پر مختلف ملکوں کا شدید ردعمل

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر اور خطے میں استقامتی محاذ کے روح رواں جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی امریکی فوج کے ہاتھوں شہادت کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ہندوستان کے زیرانتظام علاقے کرگل میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکہ کے دہشت گردانہ اور وحشیانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

ہزاروں کی تعداد میں کرگل کے شہریوں نے اس احتجاجی مظاہرے میں امریکہ مخالف نعرے لگا کر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو انتہائی جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

مظاہرے میں شریک لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ شہادت جنرل قاسم سلیمانی کا مقدر تھا لیکن امریکہ کو اس وحشیانہ اقدام کا جواب دینا ہوگا ۔

کرگل میں مظاہرے کے شرکا نے اسلامی جمہوری نظام کی حمایت میں بھی فلک شگاف نعرے لگائے اور کہا کہ سامراجی طاقتوں کے خلاف استقامتی محاذ کی جدو جہد جاری رہے گی۔

اس درمیان علاقے کی سبھی مزاحمتی تنظیموں نے بھی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکہ کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ ہم سب مل کر اس دہشت گردی کا جواب دیں گے۔

حشد الشعبی عراق کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ کارروائی کا ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل ہے ۔

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے اس اقدام کا بھرپور جواب دیں گے اور بیت المقدس کی آزادی کی راہ میں شکست و ناکامی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی اقدامات سے جنگ کے شعلے اور بھڑکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدامات علاقے کی اقوام کے مفادات اور خطے کے لوگوں کی آزادی و استحکام کے منافی ہیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے امریکی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے یہ دہشت گردی کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

عراق میں صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر مراجع کرام، رہبرانقلاب اسلامی اور ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے ۔

مقتدی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے جیش المہدی کے جوانوں کو پوری طرح الرٹ کردیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button