شام اورعراق کے بعد داعش کو امریکہ نے افغانستان پہنچادیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ دہشتگرد طالبان کے بعد داعش جیسی خونخوار دہشتگرد تنظیم کی افغانستان میں بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش ہے۔ شام اورعراق میں حالات خراب کرنے کے بعد داعش کو امریکہ کی مدد سے افغانستان میں پہنچا دیا گیا ہے، اس کا سدباب ضرور کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گرد گروہوں کا قیام پرامن مذہب کو بد نام کرنے کی سازش ہے، اسلام کا انتہا پسندی اور دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، ایسے لوگ جہاد کو بدنام کررہے ہیں، بھارت جیسا دہشت گرد ملک ریاستی دہشتگردی کے ذریعے کشمیر میں آزادی کے متوالوں کو شہید کررہا ہے جبکہ اسرائیل کے خلاف اپنی آزادی اور خودمختاری کی جنگ لڑنے والے فلسطینی بھی کامیاب ہوں گے، کیونکہ کوئی بھی قوم اپنے حقوق اورمذہب کے تحفظ کیلئے جدوجہد کر سکتی ہے۔