شام : داعشی دہشت گردوں سے بھری جیل کے قریب کار بم دھماکہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شام کے علاقے الحسکہ میں داعشی دہشت گردوں سے بھری ایک جیل کے قریب کار بم دھماکہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شام میں الحسکہ کے مرکزی جیل کے قریب کاربم دھماکہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل میں سینکڑوں خطرناک داعشی دہشت گرد قید ہیں۔
روسیاالیوم نے خبر دی ہے کہ آج بروز ہفتہ علی الصبح الحسکہ کے ’’جویران‘‘ نامی شہر میں کاربم دھماکہ ہوا۔
دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کی گئی۔ دھماکہ اور فائرنگ کرنے کا مقصد جیل میں قید داعشی دہشت گردوں کو آزاد کروانا تھا۔
گزشتہ روز داعش نے «قامیشلی» نامی کرد نشین علاقے میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 6 عام شہری مارے گئے تھے۔
واضح رہے کہ ترکی نے شام میں کردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے، اس آپریشن میں شمال مشرقی شام میں کئی قصبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ شام میں کردوں کے خلاف ترک کارروائی سے داعش دہشت گرد ایک مرتبہ پھر منظم ہونے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دیگر عالمی طاقتوں نے ترک کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انتباہ دیا ہے کہ فوجی کارروائی آٹھ سالوں کی کشمکش میں مبتلا شامیوں کے مصائب کو بڑھا سکتی ہے۔
دوسری جانب کردوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے خلاف ترک کارروائیاں جاری رہیں تو وہ اپنے دفاع میں مصروف ہو جائیں گے جس سے داعش کو منظم ہونے کا موقع مل جائے گا۔