
شامی افواج کی دفاعی کارروائیاں، ادلب کے مزید 3 گاؤں آزاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شام کے صوبے ادلب میں شامی افواج اور عوامی اسلامی مزاحمتی فورسز نے بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو پیچھے دھکیلتے ہوئے 3 مزید گاؤں پر اپنا کنٹرول واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شامی افواج نے ادلب کے جنوبی حصے میں قابض تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر وسیع بمباری کے بعد پیشقدمی کرتے ہوئے ربیعہ ،الخربۃ اورشعرۃ نامی 3 گاؤں سے تکفیری دہشت گردوں کا قبضہ ختم کروا دیا، جس کے بعد تازہ ترین صورتحال کے مطابق اب ادلب کے جنوب مشرقی علاقوں میں جبہۃ النصرہ اور اجناد القوقاز نامی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ شامی افواج کی جھڑپیں جاری ہیں۔
دوسری طرف ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ دی ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف شامی افواج کی بمباری میں زیادہ تر التح، الشیخ ہائٹس، سحال، ام تینۃ اور الفرجہ میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جسکے نتیجے میں 38 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ شامی فوج کی یہ کارروائی جو شامی اور روسی جیٹ طیاروں کے ذریعے انجام دی گئی، گذشتہ 3 روز سے جاری تھی۔
ذرائع کے مطابق اس وقت شامی افواج کی طرف سے زیادہ تر ادلب کے جنوبی علاقوں کو ہدف قرار دیا جا رہا ہے، جہاں جبھۃ النصرہ اور اجناد القوقاز نامی دہشت گرد قابض ہیں، جبکہ شامی افواج کی تازہ ترین پیشقدمی، جو رات گئے تک جاری رہی۔
اس دوران دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوب مشرقی ادلب میں واقع ’’ام جلال‘‘ نامی شہر کو بھی آزاد کروا لیا گیا ہے، جو اجناد القوقاز گروپ کے ساتھ تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے زیر کنٹرول جنوب مشرقی ادلب کے علاقوں خصوصاً معرہ النعمان کیلئے اہم ترین رسد لائن کا کردار ادا کر رہا تھا۔