
صیہونی بستیوں پر امریکی بیان جنگل راج کی توثیق ہے۔ یورپی یونین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یورپی یونین نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکار بستیاں اور آبادکاری کی سرگرمیاں دیرپا امن کے لیے خطرہ اور بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ پولیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ قابض طاقت کے طور پر اپنے فرائض کو پورا کرتے ہوئے آبادکاری کی سرگرمیوں کو ختم کر دے۔
ان کا یہ بیان امریکی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے کی حمایت کے بعد سامنے آیا ۔
واضح رہے کہ پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ امریکہ غربِ اردن میں اسرائیلی آبادیوں کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف تصور نہیں کرتا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ غربِ اردن کی حیثیت کا فیصلہ کرنا اسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر منحصر ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہ مؤقف سابق امریکی صدر اوباما کی رائے کے برعکس ہے۔