
صیہونی عدالت قریب المرگ بھوک ہڑتالی کی رہائی کا مطالبہ مسترد کر دیا
شیعہ نیوز: اسرائیل کی سپریم کورٹ نے مسلسل 78 دن سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی ماہر الاخرس کی رہائی سے متعلق دی گئی درخواست مسترد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’’بھجہ القدس برائے اسیران‘‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے اسیرماہر الاخرس کی رہائی کے لیے دی گئی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے اسیر کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا تاہم عدالت نے فوری رہائی کے بجائے اسیر کو 26 نومبر تک رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
انسانی حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ اسیر الاخرس نے اسرائیلی عدالت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اسیر کا کہنا ہے کہ وہ مشکلات کے باوجود رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ ماہر الاخرس نے 79 دن قبل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
اسی طرح فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ماہر الاخرس کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے نقصان کا پورا ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت کو ٹھہراتے ہوئِے کہا گیا ہے کہ اگر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل میں گرفتار فلسطینی قیدیوں کی مدد سے عاجز ہیں تو ہم فلسطینی قوم انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے جبکہ اس حوالے سے قابض قوتوں کو بھرپور جواب دینے کے لئے فلسطینی مزاحمتی محاذ بالکل تیار ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے بھی اعلان کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ماہر الاخرس کو کوئی نقصان پہنچا تو فلسطینی مزاحمتی محاذ پورے اسرائیل کو اپنے راکٹوں کے نشانے پر لے لے گا۔