مشرق وسطی

صیہونی فوج کے ہاتھوں 33 فلسطینی گرفتار، قبلہ اول کی بے حرمتی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہروں میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔ کل جمعرات کو اسرائیلی فوج نے بیت المقدس اور مغربی کنارے سے کم سے کم 33 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دن بھر غرب اردن کے شہروں رام اللہ، بیت لحم، البیرہ، الخلیل، طولکرم اور القدس سے درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

بیت المقدس سے 10 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جن کی شناخت محمد مجدی عطیہ، محمد احمد عطیہ، محمد داؤد محمود اور علی عتب کے نام سے کی گئی ہے۔

رات گئے اسرائیلی فوج نے القدس سے دو بچوں 16 سالہ داؤد احمد سلیمان الخطیب اور 13 سالہ محمد جمیل ملحم کو حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب صیہونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی شرپسندوں کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں اسرائیل کے سرکاری ملازمین اور دیگر صیہونی آباد کاروں کی بڑی تعداد مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئی اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔

رپورٹ کےمطابق کل جمعرات کواسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں صیہونی آباد کاروں، یہودی طلباء اور اسرائیلی انٹیلی جنس حکام سمیت صبح کے وقت کئی درجن یہودیوں نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر بے حرمتی کی۔

شام کے اوقات میں مزید یہودی طلباء نے قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔

فلسطینی محکمہ اوقاف کے مطابق 20 یہودی طلباء، متعدد سرکاری ملازمین اور دیگر آباد کاروں سمیت 76 آباد کاروں نے قبلہ اوّل پر دھاوے بولے۔ قبلہ اوّل پر دھاوا بولنے والے آباد کاروں میں 40 سرکاری ملازمین شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button