صیہونی حکومت سے دوستی بڑی غلطی ہے۔ فلسطینی رہنما
شیعہ نیوز : تہران میں فلسطین کے ناظم الامورمحمد مصطفی جہیر اور حماس کے نمائندے خالد قدومی نے فلسطینی بچوں کے ساتھ یک جہتی کے زیر عنوان تہران میں منعقدہ بین الاقوامی اجلاس میں، یورپ کو نا قابل اعتماد قرار دیا اور ساتھ ہی صیہونی حکومت کے مقابلے میں متحدہ مجاہدت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندے ڈاکٹر خالد قدومی نے فلسطینی بچوں کی حمایت کے زیر عنوان چوتھے بین الاقوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینیوں نے مغربی دنیا کا حقیقی پیغام حاصل کر لیا ہے اور اس سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مغرب ہمارے مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے مگر اس آگاہی کے باوجود وہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف کوئی اقدام نہیں کر رہا ہے، اس لئے مغرب پر اعتماد کرنے والوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ انہوں نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن حکومتوں نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کئے ہیں، وہ پوری دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ وہ اپنے ملکوں کے عوام کی بھی نمائندگی نہیں کرتی ہیں، چہ جائیکہ فلسطینی قوم کی نمائندگی کریں۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت سے سازباز کرنے والی حکومتیں یہ جان لیں کہ ان کے ملکوں کے عوام بھی ان سے نالاں ہیں اور ان پر اعتماد و بھروسہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی صرف خداوند عالم پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی تحریک جاری رکھیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ یہ وعدہ الہی ہے۔
تہران میں فلسطین کے ناظم الامور محمد مصطفی جہیر نے بھی اس بین الاقوامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جب سے فلسطین پر غاصبانہ قبضہ ہوا ہے، ہم نے لاکھوں کی تعداد میں محمد الدرہ کو کھویا ہے۔
انھوں نے کہا کہ محمد الدرہ اور دیگر فلسطینیوں میں فرق صرف اتنا ہے کہ محمد الدرہ کا نام شہادت کے وقت درج ہو گیا جبکہ بہت سے فلسطینی بچے اور نوجوان رات کی تاریکی میں قتل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو زمین ہم سے زبردستی چھینی گئی ہے وہ ہم حاصل کر کے رہیں گے، اور اس کے لئے متحدہ مجاہدت و استقامت کی ضرورت ہے۔
تہران میں فلسطین کے ناظم الامور محمد مصطفی جہیر نے کہا کہ عدم اتحاد ہی فلسطین اور علاقے کے ملکوں کی موجودہ مشکلات اور مسائل کی جڑ ہے۔ انہوں نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ بعض عرب ملکوں کی جانب سے تعلقات استوار کئے جانے کے بارے میں کہا کہ یہ اقدام خود فلسطینیوں میں اتحاد کی ضرورت کو آشکار کر رہا ہے اور جب تک تمام فلسطینی متحد نہیں ہوں گے فلسطین کو آزاد نہیں کیا جا سکے گا۔
تہران میں فلسطین کے ناظم الامور محمد مصطفی جہیر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ہمارے لئے فلسطین کو آزاد کرائے ہم خود نوک نیزہ پر غاصب صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انھوں نے مسئلہ فلسطین کے تعلق سے ناقابل تغیر اور ٹھوس موقف نیز فلسطینی بچوں اور نوجوانوں کی حمایت سے متعلق چوتھا بین الاقوامی اجلاس تشکیل دینے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قدردانی کی۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں تیس ستمبر کو فلسطینی بچوں سے یک جہتی کا دن منایا جاتا ہے۔ تیس ستمبر دو ہزار کو صیہونی دہشتگردوں نے ایک بارہ سالہ فلسطینی بچے محمد الدورہ کو اس کے باپ کی آغوش میں گولی مار کے شہید کر دیا تھا۔