
صیہونی پولیس کی شیخ عکرمہ پر مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے امام اور سپریم فلسطینی اسلامی کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری پرمسجد اقصیٰ میں ایک ہفتے تک داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ صیہونی پولیس کی طرف سے اس پابندی کی تجدید کی جاسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے الشیخ عکرمہ صبری کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ اس موقع پر اسرائیلی حکام کی طرف سے الشیخ صبری کو زبانی طور پر بتایا کہ انہیں قبلہ اوّل میں داخلے پر 25 جنوری تک پابندی عائد کی گئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس پابندی میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
صیہونی حکام کی طرف سے الشیخ صبری پرجمعہ کے خطبہ میں اشتعال پھیلانے اور اسرائیل کے خلاف نفرت پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا۔
دوسری طرف غزہ کی پٹی کی مشرقی میں ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق 30سالہ عامر الحجار شمالی غزہ کی پٹی کے الصفطاوی سے تعلق رکھتے ہیں۔
وہ 30 مارچ 2018ء کو غزہ کی پٹی کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا۔